سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر کلچرل ایونٹ کا انعقاد
سارہ عمر
الریاض سعودی عرب.
آزاد قومیں ہمیشہ ہی اپنے قومی دن نہایت جوش و جذبے سے مناتی ہیں۔ہر سال 23 ستمبر کو سعودی عرب کا قومی دن "یوم الوطنی" جوش و خروش سے منایا جاتا ہے-اس روز نا صرف عام تعطیل ہوتی ہے بلکہ تمام سرکاری اور غیر سرکاری عمارات پر قومی پرچم لہرایا جاتا ہے-تمام عمارات کو بالخصوص سبز رنگ کی روشنیوں اور برقی قمقموں سے منور کیا جاتا ہے-اشیائے خوردونوش سے لے کر ضرورت کی ہر چیز پر سیل لگائی جاتی ہے-
بازاروں میں جابجا قومی پرچم، جھنڈیاں، سبز کپڑے، بیج اور یوم الوطنی کی مناسبت سے دیگر اشیاء نظر آتی ہیں-
اس قومی تہوار کو ہر سال صرف سعودی ہی نہیں بلکہ خارجی اور غیر ملکی بھی نہایت جوش و جذبے سے مناتے ہیں-23 ستمبر 2021 کو سعودیہ عرب کا 91 یوم الوطنی منایا گیا-اس سال بھی ہر سال کی طرح اس قومی دن پر بے حد جوش و جذبہ دیکھائی دیا-کرونا وائرس کی وبا کے بعد جہاں چھوٹی عید کی گہما گہمی کرفیو کی نذر ہوئی وہیں یوم الوطنی کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد اس تہوار کو منانے کے لیے سڑکوں، پارکوں، مالز اور بازاروں میں امڈ آئی-حکومت کی جانب سے الریاض شہر میں "فضائی مظاہرے" کا اہتمام کیا گیا جسے عوام کی جانب سے بے حد سراہا گیا-مختلف رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا گیا-ہر سال کی طرح اس بار بھی مختلف شہروں میں مختلف اوقات پہ آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا-جسے عوام کی کثیر تعداد نے دیکھا اور سراہا-یوم الوطنی کے حوالے سے تقریبات اور ڈسکاؤنٹ آفرز پورا ہفتہ جاری رہیں گی-اس موقع پر ہر نیشنلٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نا صرف سعودیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں بلکہ اس ملک کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کرتے ہیں-
اسی سلسلے میں سعودی عرب کے صنعتی شہر الجبیل میں سعودیہ عرب کے قومی دن کے موقع پر مرسم موسم سیزن کیفے الجبیل ،فٹ فار می، آرٹ باۓ فاطمہ،رائز کلب اور ایس وائی مینجمنٹ کی جانب سے خوبصورت اور رنگا رنگ پینٹنگز کی نمائش اور کلچرل ایونٹ کا انعقاد کیا گیا. جس میں سعودی عرب، بحرین،پاکستان ،انڈیا ، امریکہ اور دیگر ممالک سے وابستہ آرٹسٹ شامل ہوئے اور اس رنگا رنگ تقریب کو چار چاند لگائے۔
بچوں کے لیے مفت پینٹنگ کلاس کا اہتمام بھی کیا گیا جسے تحریم عقیل نے منعقد کیا وہ سعودی آرٹ کاؤنسل کی ممبر بھی ہیں۔
میزبانی کے فرائض لینا خان نے انجام دئیے جو کے رائز کلب کی ایڈمن ہیں جبکہ بچوں نے سعودی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے وہاں کے قومی لباس میں تقریب میں تقاریر ،ملی نغمے اور دیگر سیگمنٹ بھی پیش کئے گئے۔
آرٹ باۓ فاطمہ کے تعاون سے تحائف بھی دئیے گئے اور میڈیا کوریج کے فرائض سمیرا حامد فاروقی نے انجام دیئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی حسین فالے السفر تھے جو کہ اس آرٹ گیلری کے بانی اور سعودی عرب کے مشہور آرٹسٹ ہیں۔ مہمان خصوصی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی جو فٹ فار می کی روح رواں نایاب عقیل اور سیدہ نشرہ کی جانب سے پیش کی گئی۔جبکہ اعزازی طور پر سعودی عرب کے مشہور آرٹسٹ الفرج الدوسری نے بھی اس میں شرکت کی اسکے علاوہ بحرین سے بابر احمد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تمام آرٹسٹ اور ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے بچوں، خواتین و حضرات میں مرسم الموسم گیلری، اور فٹ فار می کی جانب سے اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں اور رائز کلب کی جانب سے اعزازی شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔
یہ تقریب بلاشبہ ایک یاد گار تقریب تھی۔تقریب میں شامل شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کا فروغ نہایت خوش آئند ہے جبکہ کرونا کے بعد سماجی سرگرمیوں میں بحالی معیشت کی ترقی کے لیے بھی ایک فعال قدم ثابت ہو رہا ہے۔
مہمان خصوصی اور تقریب میں شریک دیگر شائقین نے آرٹسٹ کے خوبصورت اور نفیس کام کو سراہا اور ان کو داد و تحسین سے نوازا۔مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد ممکن بنایا جائے گا تاکہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی ثقافت اور تہذیب و تمدن کو اجاگر کر سکیں۔



Comments
Post a Comment